امریکا یمن سمیت مشرق وسطی میں جارحانہ پالیسیوں کا خاتمہ کرے، ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا نہتے یمنی شہریوں کے قتل عام میں سعودی عرب کے ساتھ برابر کا شریک ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران اور یمن کے تعلقات کے متعلق امریکی ہرزہ سرائی پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا سعودی اتحادی افواج کی حمایت کرتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکیوں کو کوئی حق حاصل نہیں ہے کہ وہ ایران اور یمن کے تعلقات کے بارے میں بات کریں۔
سعید خطیب زاده نے کہا کہ گزشتہ 5 برسوں سے یمن کے نہتے عوام کے خلاف جاری سعودی اتحاد کی جارحیت میں امریکا نے آل سعود کی حمایت و مدد کی۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر علاقے میں اپنی جارحیت اور سازشی منصوبوں کو لگام دے۔
واضح رہے کہ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان مورگان اورٹیگس Morgan Ortagus نے یمن کیلئے ایران کے نئے سفیر حسن ایرلو کی تعیناتی پر کہا کہ یمنی عوام کو ایرانی سفیر کی تعیناتی کی مخالفت کرنی چاہئے۔