اسرائیل کو تسلیم کیا تو ایرانی اور سعودی عوام مجھے جان سے ماردیں گے، بن سلمان


اسرائیلی نژاد امریکی کاروباری شخصیت حائم سابان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ اگر انہوں نے اسرائیل کو تسلیم کرلیا تو انہیں ان کے ہی لوگ قتل کردیں گے۔

تسنیم خبررساں ادارے نے عالمی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ سعودی ولی عہد نے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کی اہم وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسرائیل کو تسلیم کیا تو ایرانی اور سعودی عوام مجھے جان سے ماردیں گے۔

اسرائیلی اخبار ہاریٹز کے مطابق حائم سابان نے امریکہ کے صدارتی امیدوار جوبائیڈن کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سعودی ولی عہد نے کہا ہے کہ وہ اپنے ہمسایہ ممالک بحرین اور متحدہ عرب امارات کی طرح اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم نہیں کرسکتے۔

اگر انہوں نے ایسا کیا تو انہیں ایران، قطر اور سعودی عرب کے لوگ قتل کردیں گے۔

حائم سابان نے کہا کہ  سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز چاہتے ہیں کہ اسرائیل کے ساتھ 2002 میں پانے والے امن معاہدے کو نافذ کیا جائے۔

 اگر سعودی عرب اسرائیل کو تسلیم کرتا ہے تو حرمین شریفین پر اس کی گرفت کمزور پڑ جائے گی اور ترکی اور ایران کو انہیں متنازعہ بنانے کا موقع مل جائے گا۔