افغانستان میں پاکستان کا کرداربڑھ رہا ہے، فواد چوہدری


افغانستان میں پاکستان کا کرداربڑھ رہا ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان کا کرداربڑھ رہا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ افغانستان میں گیم چینجر معاملہ چل رہا ہےجس میں پاکستان کا کردار بڑھا ہے، افغانستان میں امن ہوگا تو اس خطے کے معاشی حالات تبدیل ہوجائیں گے، کچھ چیزیں ابھی شیئر نہیں کرسکتے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے مشرق وسطی میں سفارتی سطح پرتعلقات کوبدل کررکھ دیا،سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی پاکستان آرہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد نیوز بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آج کابینہ اجلاس میں 172 ناموں پر مشتمل ای سی ایل لسٹ کا جائزہ لیا گیا جبکہ 32 کیسز نظرثانی کے لیے کمیٹی کو بھجوا دیے گئے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکا اب جس طرح سے پاکستان کا نکتہ نظر سمجھتا ہے پہلے ایسا نہیں تھا، پاکستان نہیں اب امریکا پاکستان کے نکتہ نظر کوفالو کررہا ہے، پہلی بار عمران خان کے وژن سے سمت بدل گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت حسین نے اداروں میں اصلاحات پر رپورٹ پیش کی ہے، 172 ناموں کی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کا جائزہ لیا گیا، 32 کیسز کو نظرثانی کیلئے کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی وزارتوں اور اداروں کے سیکریٹری کے مالیاتی اختیارات بڑھا نے کافیصلہ کیا ہے، ملک بھر میں 43 ادارے و کارپوریشنز جو کام ہی نہیں کررہے ان کو بند کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ کوئٹہ، فیصل آباد سے سعودی عرب کیلئے پروازیں شروع ہوں گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ خرم حسین کو تین سال کے لیے پاک لیبیا ہولڈنگ کمپنی کا سربراہ لگا دیا گیا ہے، عرفان آفریدی کو پی پی آئی بی کا سربراہ بنایا گیا ہے، وزیراعظم یوتھ ٹریننگ پروگرام کیلئے 97 کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اطلاعات کے مطابق حفیظ پاشا اور نوید حامد کو مانیٹری پالیسی کمیٹی کا رکن بنادیا گیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نواشریف اور آصف علی زرداری کی سیاست ختم ہوچکی ہے، آصف زرداری تو اب پکے ای سی ایل میں ہیں۔

18 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ 18 ویں ترمیم میں 100 حصے ہیں،کئی بہت اچھی چیزیں ہیں، کچھ پر بات ہونی چاہیے۔

خورشید شاہ اور آصف زرداری سے کرپشن کے پیسے کا حساب مانگیں تو 18 ویں ترمیم کی بات شروع کردیتے ہیں، اصل معاملہ 18 ویں آئینی ترمیم کا نہیں این ایف سی ایوارڈ کے حصے کی تقسیم کا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری