ایرانی پارلمینٹ کے ارکان نے سپاہ پاسداران کی وردی پہن کر امریکا مردہ باد کے نعرے لگائے+ تصاویر
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے تمام اراکین نے سپاہ پاسداران کی وردی پہن کرامریکی اقدام کی سخت مذمت اور امریکا مردہ باد کے نعرے لگائے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے تمام ارکان نے امریکا کی جانب سے سپاہ پاسداران کو دہشت گرد قرار دینے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام جاہل ہیں ان کو معلوم ہی نہیں کہ پورا ایران سپاہ پاسداران ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اراکین نے سپاہ پاسداران سے یکجہتی کے لئے وردی پہن لی اور امریکا مردہ باد کے نعرے بلند کئے۔
واضح رہے کہ پاسداران انقلاب ایران کی باقاعدہ مسلح افواج کا ایک حصہ ہے جس کی تشکیل 22 اپریل، 1979 کو ایران میں اسلامی انقلاب کے بعد امام خمینی کے حکم پر کی گئی تھی۔
آئین کی رو سے باقاعدہ مسلح افواج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اندرون ملک امن و امان برقرار رکھنے کی مجاز ہیں، جب کہ پاسداران انقلاب کی ذمہ داری ایران میں اسلامی جمہوری نظام کا تحفظ ہے۔
امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں پاسداران انقلاب کو ’غیر ملکی دہشت گرد تنظیم‘ قرار دیا ہے جس کی ایران بھرمیں شدید مذمت کی جارہی ہے۔
امریکا کے حالیہ اقدام کے فوراً بعد ایران نے خبردار کیا ہے کہ وہ جوابی اقدامات کرے گا۔ ایرانی پارلیمنٹ کے کل 290 ارکان میں سے 255 ارکان کے دستخطوں سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران امریکا کی طرف سے ہر اقدام کا بھرپور جواب دے گا۔