داعشی دہشت گرد افغانستان میں قدم جمانے کی کوششوں میں مصروف


داعشی دہشت گرد افغانستان میں قدم جمانے کی کوششوں میں مصروف

افغانستان میں تعینات امریکی افواج اور افغان فوج کا کہنا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش عراق اور شام میں پسپائی کے بعد افغانستان میں اپنے قدم جمانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

امریکا اور افغانستان کے سیکیورٹی حکام نے پیر کو مختلف بیانات میں خبردار کیا کہ یہ گروہ نئی بھرتیوں کے ساتھ ساتھ امریکا اور دیگر مغربی ممالک پر حملوں کی منصوبہ بندی میں بھی مصروف ہے۔

افغانستان میں تعینات ایک سینئر امریکی اہلکار نے بتایا کہ افغانستان میں حالیہ چند حملے، یورپ اور امریکا میں بڑے حملوں کی تیاری ہے۔

اس اہلکار کے مطابق گروہ کا ہدف مغربی ممالک میں حملے کرنا ہے اور یہ صرف وقت کی بات ہے کہ جنگجو اپنے اس منصوبے کو کب پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

داعش نے شمال مغربی افغانستان میں اپنے اثر و رسوخ میں اضافہ کر لیا ہے، شام اور عراق میں شکست کے بعد یہ شدت پسند دیگر ممالک کا رخ کر رہے ہیں اور شورش زدہ افغانستان ان کے لیے ایک محفوظ ٹھکانہ ہو سکتا ہے۔

قبل ازیں برطانوی حکام نے متنبہ کیا تھا کہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش عراق اور شام میں شکست کے بعد اب اپنی جڑیں افغانستان میں مضبوط رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے امریکا اور اس کے اتحادی افغانستان میں طالبان کو کمزور کرنے کے لئے داعشی دہشت گردوں کی حمایت کرتے رہے ہیں۔

سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں داعشی دہشت گردوں کو منتقل کرنے میں امریکی خفیہ اداروں کا ہاتھ ہے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری