ایران سمیت دنیا بھر سے 11 لاکھ عازمینِ حج سرزمین وحی پہنچ گئے
اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا بھر سے کم وبیش 11لاکھ عازمین فریضہ حج کی ادائی کے لیے حجازمقدس پہنچ گئے۔
تسنیم خبررساں ادارے نے عرب رب ٹی وی کے حوالےسے خبر دی ہے کہ اس وقت لاکھوں حاجی مکہ مکرمہ میں موجود ہیں۔ ان میں زیادہ تعداد انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے حجاج کی ہے۔ ان کے بعد بالترتیب پاکستان، بنگلہ دیش، ایران اوربھارت سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام ہیں۔
ایک بڑی تعداد مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور جنت البقیع کی زیارت کا شرف حاصل کررہی ہے۔
سعودی حکومت کے مقرر کردہ حج کوٹا کے مطابق انڈونیشیا سے ڈھائی لاکھ اور پاکستان سے دو لاکھ عازمین حج کے لیے آئیں گے۔ پاکستان سے اب تک سعودی عرب میں ایک لاکھ 35 ہزارعازمینِ حج پہنچ گئے ہیں۔
مکہ مکرمہ میں پاکستان حج مشن کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق ان میں چھیانوے ہزارعازمین سرکاری حج اسکیم اور چھتیس ہزارنجی حج اسکیم کے تحت مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پہنچے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کی مانیٹرنگ ٹیموں کے ذریعے نجی حج کمپنیوں کی کارکردگی کی مسلسل جانچ بھی کی جا رہی ہے۔پاکستان حج مشن نے کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایک ہیلپ لائن قائم کی ہے۔