امریکی ایوان نمایندگان میں ٹرمپ کو جنگ سے روکنے کی قرارداد منظور
واشنگٹن: امریکی ایوان نمایندگان میں ٹرمپ کو جنگ سے روکنے کی قرارداد منظور کر لی گئی۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، تفصیلات کے مطابق امریکی ایوان نمایندگان نے جنگ کے حوالے سے ٹرمپ کے اختیارات محدود کر دیے، ایوان نے امریکی صدر کو جنگ سے روکنے کی قرارداد منظور کر لی۔
ایوان نمایندگان میں قرارداد 194 کے مقابلے میں 224 ووٹ سے منظور ہوئی، اب یہ قرارداد آیندہ ہفتے منظوری کے لیے سینیٹ میں پیش کی جائے گی، سینیٹ سے منظوری پر ٹرمپ کو کارروائی کے لیے کانگریس کی اجازت درکار ہوگی۔
اسپیکر نینسی پلوسی نے ایوان نمایندگان میں قرارداد کی منظوری کے بعد کہا کہ اس اقدام سے امریکی زندگیوں اور اقدار کو تحفظ ملے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کے حکم پر تین دسمبر بہ روز جمعہ بغداد میں ایک ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو شہیدکیا گیا تھا، جس کے بعد مشرق وسطیٰ میں سخت کشیدگی کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے، عراق میں مقیم امریکی فوجیوں کی زندگی کے لیے بھی خطرہ بڑھ گیا ہے۔
دو دن قبل ایران نے بغداد میں واقع امریکی فوجی اڈوں پر درجنوں بیلسٹک میزائل داغے تھے، ایرانی دعوے کے مطابق اس حملے میں 80 افراد ہلاک ہوئے
امریکی ایوان نمایندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے امریکا کو ایران کے خلاف جنگ سے روکنے کے لیے رائے شماری کرانے کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد ایوان میں ٹرمپ کو روکنے کے لیے رائے شماری کی گئی۔ نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے ٹرمپ انتظامیہ نے کانگریس کے علم میں لائے بغیر ایرانی جنرل پر حملہ کیا تھا، اس حملے کے حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ ہمارے تحفظات دور کرنے میں ناکام رہی ہے۔