پوری کوشش ہے سعودی عرب اور ایران میں دوستی کرائیں، وزیراعظم


پوری کوشش ہے سعودی عرب اور ایران میں دوستی کرائیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پوری کوشش ہے کہ سعودی عرب اور ایران میں دوستی کرائیں۔

تسنیم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ہنر مند پاکستان منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب پاکستان کبھی کسی کی جنگ میں شرکت نہیں کرے گا، جنگ کوئی نہیں جیتتا جو جیتتا ہے وہ بھی ہار جاتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم پہلے کسی اور کی جنگوں میں شرکت کرتے رہے ہیں، پاکستان وہ ملک بنے گا جو دوسروں کے درمیان امن پیدا کرے، ٹرمپ سے بھی کہا تھا امریکا اور ایران میں دوستی کرانے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں برا وقت آتا ہے تاکہ اپنی اصلاح کی جائے، پاکستان مشکل وقت سے نکل رہا ہے اور استحکام کی جانب گامزن ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 2020 ملک کو اوپر لے جانے کا سال ہے، 2020 میں زیادہ تر پیسہ تعلیم اور ٹیکنیکل تعلیم پر خرچ کیا جائے گا، 30 ارب سے ہنر مند پاکستان پروگرام میں 5 لاکھ نوجوانوں کو ہنر سکھایا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں پر خرچ کرکے ملک کو سپر پاور بناسکتے ہیں، نوجوانوں پر خرچ کرنے کے لیے ہنرمند پاکستان پروگرام پہلا قدم ہے، پہلے فیز میں ایک لاکھ 70 ہزار نوجوانوں کو ہنر سکھایا جائے گا، ہنر مند پاکستان پروگرام میں 500 ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کھولے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خوشی ہے پہلے فیز میں 70 ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر مدرسوں میں کھولے جائیں گے، سب سے پہلے مدرسوں کے بچوں کو مین اسٹریم میں لے کر آئیں گے، اسمارٹ ٹیکنیکل سینٹر کے ذریعے نوجوانوں کے ہنر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کی دوسری بڑی نوجوانوں کی آبادی پاکستان میں ہے، حکومت ایسی فضا بناسکتی ہے جس میں نوجوانوں کو نوکریاں مل سکیں، پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان ہیں۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری