اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک کا آغاز کراچی سے ہوگا
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے کراچی میں 12 اکتوبر کو جلسے کا اعلان کیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کےمطابق، مسلم لیگ ن کے جلسے میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ودیگر قیادت شریک ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے کے سلسلے میں کراچی ڈویڑن کا اجلاس پارٹی آفس مسلم لیگ ہاؤس میں منعقد کیا جائے گا جس کے ذریعہ کراچی کے تمام عہدیداران و کارکنان کو سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کرکے مستقبل کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی غربت، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام میں مایوسی پیدا کردی ہے جس کی وجہ سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے پیپلزپارٹی کے تحفظات کے بعد کوئٹہ میں جلسہ ملتوی کرتے ہوئے 18 اکتوبر میں کراچی میں جلسے کا اعلان کیا تھا جس کی میزبانی پیپلزپارٹی کرے گی۔
پی ڈی ایم 22 نومبر کو پشاور، 25 نومبر کو کوئٹہ، 30 نومبر کو ملتان، 13 دسمبر کو لاہور، 16 دسمبر کو گوجرانوالہ اور 27 دسمبر کو لاڑکانہ میں جلسہ کرے گی۔