یمن پر خونی حملے امریکی نگرانی میں ہو رہے ہیں، الحوثی
انصار اللہ یمن کے سربراہ نے یمن پر کئے گئے خونی حملوں کی سخت مذمت کی ہے اور اس گھناؤنے جرم میں امریکی کردار سے پردہ اٹھا تے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے امریکی نگرانی میں ہی صنعا پر حملے کئے ہیں لہٰذا اس حملوں میں امریکہ برابر کا شریک ہے۔
تسنیم خبر رساں ادارے نے العالم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سعودی اتحادی جنگی طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں عزاداری اور فاتحہ خوانی کے ایک بڑے اجتماع پر حملہ کرکے 700 افراد کو خاک وخوں میں غلطاں کرنے کے خلاف رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انصاراللہ کے سربراہ کا کہنا تھا، سعودی اتحاد نے صنعا میں جرائم کی حدیں پار کی ہیں۔
الحوثی نے مزید کہا، یہ جرم اس قدر سنگین تھا کہ جس کی وجہ سے خود امریکہ بھی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب یمن کے غیور ملت کو ختم کرنے کی ناکام کوشش میں لگا ہے۔ حملوں کے ابتدا سے لے کر اب تک امریکہ اور اس کا اتحادی سعودی نے یمن کے بنیادی ڈھانچوں کو خطرناک حد تک نقصان پہنچایا ہے۔
حوثی کا کہنا تھا کہ آل سعود کےلئے اہم یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ یمنی مارے جائیں۔
الحوثی نے حالیہ حملوں میں امریکی کردار سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ خونی حملے امریکی نگرانی میں ہی ہوئے ہیں، حملہ کرنے والے جہاز، میزائل اور راہنمائی سب امریکہ کی جانب سے ہی تھے۔
الحوثی نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے بے گناہ عوام کے خون بہانے میں امریکہ برابر کا شریک ہے وہ اپنے آپ کو بے گناہ ثابت نہیں کرسکتا ہے۔
عبدالملک الحوثی نے یمنی عوام سے مخاطب ہو کر کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پہلے سے زیادہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے ظالموں کے سامنے آہنی دیوار بن جائیں اور ہر قسم کے یمن مخالف اقدامات کا منہ توڑ جواب دیں۔
انہوں نے کہا، آزاد اندیش اور حق طلب یمنیوں پر فرض ہے کہ وہ اپنا انسانی اور دینی فریضہ سمجھ کریمن کے دفاع کے لئے میدان میں اتر آئیں۔