امام خامنہ ای کا کلینک حادثے کی جامع تحقیقات کا حکم
امام خامنہ ای نے کلینک آتش زدگی پر افسوس کا اظہار اور حادثے کی وجوہات کے بارے میں جامع تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں ایک کلینک میں آگ لگ جانے سے 19 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
امام خامنہ ای نے کلینک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا اورایرانی عوام کے نام تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔
واضح رہے کہ ابتدائی تحقیقات میں حادثہ زیر زمین میڈیکل گیس ٹینک میں اخراج کے باعث پیش آنے کے شواہد ملے ہیں تاہم تفتیش جاری ہے حتمی بات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کہی جاسکتی ہے۔
کلینک میں آکسیجن کا ایک سلینڈر پھٹ گیا تھا اور کلینک کی عمارت میں مہیب آگ لگ گئی تھی جس کے سبب انیس افراد جاں بحق اور چودہ دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ آگ لگنے کے بعد مزید سلینڈروں میں دھماکے ہوئے تھے اور عمارت کا ایک حصہ تباہ ہو گیا تھا۔
امام خامنہ ای نے بدھ کے روز ایک تعزیتی پیغام جاری کر کے ذمہ دار اداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ اس معاملے کی مکمل تحقیق کرنے کے ساتھ ہی نقصانات کے ازالے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں اور ایسی تدابیر اختیار کریں کہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات رونما نہ ہوں۔
امام خامنہ ای نے ایران کے عوام بالخصوص حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے خداوند عالم سے صبر اور دلی سکون کی دعا کی ہے۔