پاکستان میں فرقہ واریت اور دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، علامہ حامد موسوی
سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں نفرت انگیزی اور دہشت گردی کے پیچھے بھارتی ایجنسی را کا ہاتھ بے نقاب ہوچکا ہے دشمن کے مقامی آلہ کاروں پر بھی ہاتھ ڈالاجائے۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، علامہ حامد موسوی کا کہنا ہے کہ اداروں میں یکجہتی کا فقدان اور سیاستدانوں حکمرانوں کی لڑائیاں کمزوریاں دشمن کا کام آسان کررہی ہیں۔
مسئلہ کشمیر سے امت مسلمہ نے ہمیشہ بیگانگی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان ہمیشہ عالم اسلام کے حقوق کیلئے فرنٹ لائن میں رہالیکن کسی مسلم ملک نے پاکستان کی گرے لسٹ میں شمولیت رکوانے کیلئے اقدام نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ عالم اسلام صیہونی سازشوں اور شیطانی منصوبوں کو سمجھے حکمرانیاں بچانے کیلئے اسلام کو داؤ پر نہ لگایا جائے۔
حامد موسوی نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنے قیام سے آج تک غیر مسلموں کے مسائل تو حل کرتا رہا ہے لیکن مسلمانوں کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا گیا۔
فلسطین کشمیر 72سال سے ظلم و بربریت و جبراستبداد کا نشانہ ہیں مسلمانوں کی دوغلی پالیسی ان کے مسائل میں اضافہ کرتی رہی اگر وہ اپنے حقوق اور مسائل پر یکجہتی کا اظہار کرتے تو آج عالم اسلام کا یہ حشر نہ ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک مسلم حکمران عالم اسلام کے مسائل کو مسلک اور ملک سے بلندہو کر حل نہیں کریں گے مار کھاتے رہیں گے۔