گلگت بلتستان، پاکستان کی معیشت اور دفاع کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہے، چوہدری برادران
چوہدری برادران کا کہناہے کہ گلگت بلتستان پاکستان کی معیشت اور دفاع کیلئے بڑی اہمیت کا حامل خطہ ہے، ہم اس خطے میں آزاد اور غیرجانب دار انتخابات کے خواہاں ہیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے گلگت بلتستان میںفری اینڈ فیئر الیکشن پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان پاکستان کی معیشت اور دفاع کیلئے بڑی اہمیت کا حامل اور سی پیک کا گیٹ وے ہے، یہی وجہ ہے کہ ہماری جماعت پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ اس خطہ اور اس کے عوام کو خصوصی اہمیت دی ہے، وہ اپنی رہائش گاہ پر وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور سینیٹر کامل علی آغا کے ہمراہ نگراںوزیراعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل خان سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے،اس موقع پر شافع حسین اور جی ایم سکندر بھی موجود تھے۔
نگراں وزیراعلیٰ میر افضل خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے کا مطالبہ سب سے پہلے چوہدری شجاعت حسین نے پیش کیاتھا اور آج ان کی کاوشوں کے نتیجہ میں ہی ہمیں یہ حیثیت حاصل ہوئی ہے جس پر ہم مسلم لیگی قیادت بالخصوص سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس خطہ کی ترقی و خوشحالی اور حقوق کی حفاظت کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔