ایران میں کرونا کے باعث مزید 322 شہری انتقال کرگئے


ایران میں کرونا کے باعث مزید 322 شہری انتقال کرگئے

اسلامی جمہوریہ ایران میں کرونا وائرس کے باعث مزید322 شہری جاں بحق ہوئے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران میں کرونا وائرس سے 322 شہریوں کے انتقال کے بعد ملک میں کورونا سے وفات پانے والے شہریوں کی مجموعی تعداد31ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت صحت کے مطابق 24گھنٹوں کے دوران کورونا سے 322افراد انتقال کرگئے ہیں اور مزید  5 ہزار 39کیسز رپورٹ ہوئے۔

ڈاکٹرسیما لاری کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید5ہزار39 شہری کرونا وائرس کا شکار ہوئے جن میں سے 2ہزار254 کواسپتال میں داخل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ملک بھرمیں 5لاکھ39ہزار670 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ جبکہ 4لاکھ34ہزار676 افراد مکمل طورپر صحتیاب ہوکر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج 4ہزار810 شہریوں کی حالت تشویشناک ہے۔

یاد رہے کہ ایران میں گزشتہ روز337 شہری جان کی بازی ہارگئےتھے۔

حکام نے خبردارکیا ہے کہ شہریوں کی جانب سے کورونا پابندیوں پر عمل نہ کرنے کی صورت میں یومیہ اموات 600 تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔

 واضح رہے کہ حکومت نے کیسز بڑھنے پر تہران کے بعد دوسرے بڑے شہروں میں بھی پابندیاں سخت کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

 تہران میں اسکول، مساجد، ریستوران، دکانیں اور دیگر عوامی مقامات 3 اکتوبر سے بند ہیں۔

خیال رہے کہ ایران میں کرونا کی دوسری لہر میں شہریوں کی بڑی تعداد متاثر ہورہی ہے۔

ڈاکٹر سیما کا کہنا ہے کہ صوبہ تهران، اصفهان، قم، آذربایجان شرقی، خراسان جنوبی، سمنان، قزوین، لرستان، اردبیل، خوزستان، کرمانشاه، کهگیلویه و بویراحمد، گیلان، بوشهر، زنجان، ایلام، خراسان رضوی، مازندران، چهارمحال و بختیاری، البرز، آذربایجان غربی، مرکزی، کرمان، خراسان شمالی، همدان، یزد اور کردستان میں حالات تشویشناک ہیں۔

 

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری